Saturday, 21 November 2026, 02:11:54 am
 

مزید خبریں

 
دفترِ خارجہ نے پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق بھارت کا غیر ذمہ دارانہ بیان مسترد کر دیا
November 20, 2026

دفتر خارجہ نے پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں اور اسی اجلاس کے دوران پاکستانی مندوب نے ان کا فوری اور مؤثر جواب دے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت ہے اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے جائز تحفظات دور کرنے کے بجائے بھارت نے پاکستان کے اداروں اور اس کی قیادت کے بارے میں بے بنیاد الزام تراشی کا سہارا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ پھیلانے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے کے بجائے بھارت کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، جہاں بھارتی قابض فوج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سجاد حیدر خان نے کہا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تقریباً ستائیس سو سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کو اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی کیونکہ پاکستان نے موجودہ افغان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔