اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تین روزہ پاکستان ٹورازم، اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول منفرد سرگرمیوں اور تفریحی پروگراموں ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
فیسٹیول میں پاکستان کی خوبصورتی، ثقافت اور تفریح کے مختلف رنگ ایک ہی مقام پر دیکھنے کو ملے۔
اس موقع پر آرٹ اینڈ کرافٹ اور منفرد مصنوعات کے اسٹالز کے علاوہ روایتی اور پسندیدہ کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جبکہ بچوں کے لیے پلے اور ایکٹیویٹی ایریا مختص کیا گی
فیسٹیول میں لوک رقص، موسیقی کی محافل، کنسرٹس، آتش بازی، ٹینٹ پیگنگ، ہیوی بائیک اور کار شو سمیت مختلف سرگرمیوں نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
ایڈونچر ٹورازم کی سرگرمیاں بھی فیسٹیول کا اہم حصہ رہیں، جن میں پیراگلائیڈنگ، پیرا موٹر فلائنگ، ہاٹ ایئر بیلون، گھڑ سواری اور سائیکلنگ شامل تھیں۔
فیسٹیول میں سفارتی برادری کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے، جہاں مختلف ممالک نے اپنے ثقافتی ورثے، سیاحتی مقامات، روایات اور روایتی کھانوں کو منفرد انداز میں پیش کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی اسٹالز بھی موجود تھے۔
فیسٹیول کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں اتوار کی شب موسیقی کی شاندار محفل منعقد ہوئی، جس میں معروف گلوکاروں نے لائیو پرفارمنس پیش کی۔ میوزیکل نائٹ میں نوجوانوں کے ساتھ بڑی تعداد میں خاندانوں نے بھی شرکت کی۔ موسیقی، تفریح اور آتش بازی نے تقریب کی رونقیں دوبالا کر دیں۔
فیسٹیول کا انعقاد وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس کی کاوشوں سے کیا گیا، جس کا مقصد اسلام آباد میں سیاحت، کھیلوں اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیسٹیول وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان ہینگ گلائیڈنگ اینڈ پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔