Saturday, 21 November 2026, 06:58:34 am
 
پاکستان ای- گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں 17 درجے بہتری کے ساتھ 119ویں نمبر پر آ گیا
November 20, 2026

پاکستان اقوام متحدہ کے ای- گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں سترہ درجے بہتری کے ساتھ 194 ممالک میں 119ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

یہ نتائج اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ سروے 2026 میں شائع کیے گئے۔

پاکستان 2022 میں 150ویں اور 2024 میں 136ویں نمبر پر تھا، جبکہ گزشتہ چار سال کے دوران اس کی درجہ بندی میں 31 درجے بہتری آئی ہے۔

اقوام متحدہ نے اپنے علاقائی جائزے میں پاکستان کی اس بہتری کو خاص طور پر اجاگر کیا ہے اور جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بہتری حاصل کرنے والے ممالک میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا ہے۔

رواں سال کے سروے میں اس ذیلی خطے کے ممالک نے نمایاں بہتری دکھائی ہے۔

اس بہتری پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کے ذریعے عوامی خدمات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رابطے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔