Saturday, 21 November 2026, 06:58:35 am
 
سمندر پار پاکستانی ورکرز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے، ذوالفقار احمد
November 19, 2026

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے اٹلی کے شہر روم میں گلوبل اسکلز پارٹنرشپ (GSP) اکیڈمی کے بین الاقوامی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ورکرز کی فلاح و بہبود کو صرف موت اور معذوری کی مالی معاونت تک محدود رکھنے کے بجائے صحت، پنشن، ریٹائرمنٹ اور بے روزگاری سمیت جامع سماجی تحفظ کا نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مجوزہ مائیگرنٹ ورکرز پروٹیکشن فنڈ کو اہم قرار دیتے ہوئے اس میں ورکرز، آجروں اور متعلقہ اداروں کی شمولیت اور بچوں کے لیے تعلیمی معاونت کی تجویز دی۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ او پی ایف، ورکرز ویلفیئر فنڈ، بیورو آف امیگریشن اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے درمیان مربوط رابطہ کاری اور مشترکہ ڈیٹا بیس قائم کیا جانا چاہیے، جبکہ دعووں کی ادائیگی کے لیے شفاف اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے۔

انہوں نے دوطرفہ لیبر معاہدوں میں پنشن اور سماجی تحفظ کے فوائد کی منتقلی شامل کرنے اور وطن واپس آنے والے ہنرمند افراد کی سرٹیفکیشن و بحالی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں گلوبل اسکلز پارٹنرشپ کے لیے ایک بااختیار سیکرٹریٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ روانگی سے لے کر ریٹائرمنٹ اور وطن واپسی تک ہر مرحلے پر محنت کشوں کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔