Saturday, 22 August 2026, 06:30:47 am
 

مزید خبریں

 
پی بی سی اور پی ٹی وی کے زیر اہتمام کُل پاکستان سالانہ مقابلہ نعت خوانی اسلام آباد میں منعقد ہوا
August 20, 2026

عید میلاد النبی ۖ  کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مشترکہ تعاون سے کُل پاکستان سالانہ مقابلہ نعت خوانی آج پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں ہوا۔

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ، ڈائریکٹرز، افسران اور بڑی تعداد میں لوگوں نے تقریب میں شرکت کی۔

پندرہ سال سے کم عمر لڑکوں کے مقابلے میں اسلام آباد کے محمد طلحہ ہاشمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، بلوچستان کے محمد فیضان نے دوسری جبکہ خیبر پختونخوا کے سید احمد علی شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پندرہ سال سے کم عمر لڑکیوں کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کی حورین فاطمہ نے پہلی، گلگت بلتستان کی سکینہ بتول نے دوسری جبکہ پنجاب کی کنزہ رزاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پندرہ سے پچیس سال تک کے لڑکوں کے مقابلے میں پنجاب کے علی زین نے پہلی، اسلام آباد کے حمزہ اشرف نے دوسری جبکہ سندھ کے سید احسان علی شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پندرہ سے پچیس سال تک کی لڑکیوں کے مقابلے میں سندھ کی تنزیلہ نے پہلی، خیبر پختونخوا کی اریبہ غلام نبی نے دوسری جبکہ پنجاب کی عائشہ بی بی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ نعت خوانی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ نعت نئی نسل کو اسلامی تعلیمات کی عظیم روایات سے جوڑتی ہے اور ان کے دلوں میں حضور اکرم حضرت محمد ۖ سے محبت اور عقیدت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔

انہوں نے حضور اکرم ۖ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے اس شاندار تقریب کا اہتمام کرنے پر ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قومی نشریاتی ادارے اس عظیم روایت اور مقدس ذمہ داری کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس تقریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور ایم ڈی پی ٹی وی اشفاق احمد خلیل کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن مستقبل میں بھی نعتیہ مقابلوں کی اس مقدس روایت کو پوری لگن اورخلوص کے ساتھ جاری رکھیں گے اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر پروگرامز مسرت شاہ رخ اور جنرل منیجر پی ٹی وی سہیل اشرف نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں اور دیگر شریک نعت خوانوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔