وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے راست کیو آر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ اسکیم کی منظوری کے لیے ورکنگ پیپر تیار کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت اسلام آباد میں کیش لیس پاکستان کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، جس میں وزیراعظم کے کیش لیس اقدام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سولہ نومبر سے ملک بھر میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔
وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وزیراعظم کے ڈیش بورڈ کے اشاریوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مالیت اور حجم کے ساتھ ساتھ منفرد اکاؤنٹس استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بھی ریکارڈ کی جا سکے۔