پاکستان نے بعض بھارتی ذرائع ابلاغ کے بے بنیاد الزامات سختی سے مسترد کردیے ہیں جن میں پاکستان کی طرف سے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران شاہین میزائل کے استعمال کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اس حوالے سے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوئوں کے جواب میں کہا کہ یہ دعوے بھارتی فوج کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں مبینہ طور پر پاکستان کے شاہین میزائل کا استعمال دکھایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہونے پر بھارتی فوج نے گمراہ کن ویڈیو کو فوری طور پر ہٹا دیا۔تاہم بعض بھارتی ذرائع ابلاغ تب تک اس جھوٹے بیانیے کو بغیر تصدیق کے آگے بڑھاچکے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوج کا آفیشل اکائونٹ اس معاملے پر خاموش ہے اور اس نے اس غلط اور گمراہ کن پوسٹ کی کوئی تصدیق یاتردید نہیں کی۔