فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے بالادستی کے عزائم کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔
اناتولیہ نیوز ایجنسی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا جتنی جلد بھارت یہ بات سمجھے گا خطے اور دنیا میں امن کے حق میں یہ اتنا ہی بہتر ہو گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی بھی طرح کی جارحیت کی صورت میں اس کا ردعمل فوری اور شدید ہو گا۔
احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعہ کے ساتھ قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اسے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔