بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ کے دوران بھیجی گئی رقوم تین ارب نوے کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو زرمبادلہ کی آمد میں مسلسل اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔
یہ بات وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر تیرہ اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ رواں سال ستمبر کے مقابلے میں بھی آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سعودی عرب گزشتہ ماہ ترسیلات زر بھیجنے والا سب سے بڑا ملک رہا، جہاں سے اٹھانوے کروڑ بیس لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جو سالانہ بنیادوں پر پچیس فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات اکیاسی کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے ترسیلات زر میں سولہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برطانیہ سے ترسیلات زر پندرہ فیصد اضافے کے ساتھ انسٹھ کروڑ بیس لاکھ ڈالر موصول ہوئیں۔
پاکستان کو یورپی یونین کے ممالک سے بھی بارہ فیصد اضافے کے ساتھ چھالیس کروڑ دس لاکھ ڈالر، جبکہ خلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک سے تیرہ فیصد اضافے کے ساتھ سینتیس کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔