File Photo
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی تین کارروائیوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کی گئیں۔
دہشت گردوں نے گزشتہ روز ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ادھر، سیکیورٹی فورسز نے ضلع نوشکی میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کارروائی کے دوران ان کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے ضلع خضدار میں ایک اور انٹیلی جنس کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
اس دوران چار سو نوے کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا ہے ۔
انہوں نے آج اپنے الگ الگ بیانات میں ان کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسزکی بھرپور تعریف کی۔