وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اشفاق احمد خلیل نے پاکستان ٹیلی ویژن اور چائنا میڈیا گروپ کے درمیان مشترکہ دستاویزی فلموں کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سی جی ٹی این اردو، چائنا میڈیا گروپ کے پروگرام ٹاپ ویو میں گفتگو کرتے ہوئے اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ پاک چین دوستی مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ پاکستان اور چین کی 75 سالہ دوستی دنیا کے لیے ایک مثالی تعلق ہے، جسے مستحکم بنانے میں سرکاری اور نجی میڈیا دونوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مفاہمتی یادداشتوں اور قریبی روابط کو عملی تعاون میں تبدیل کرتے ہوئے دستاویزی فلموں سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت ، پیشرفت اور ثمرات کو عوام تک پہنچانے میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور چائنا میڈیا گروپ کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے تزویراتی ابلاغ کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔
اشفاق احمد خلیل نے ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی، جعلی خبروں کی نشاندہی اور غلط معلومات کی روک تھام انتہائی اہم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ غلط اور گمراہ کن معلومات کا تدارک کرنے اور عوام تک حقائق پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان اور چین کے ثقافتی روابط کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی ورثے اور روایات کا تبادلہ عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے چینی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پاکستان آنے، یہاں کی ثقافت، زبان اور کھانوں سے روشناس ہونے کی تجویز کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تبادلے باہمی ثقافتی آگاہی اور مفاہمت کو فروغ دے سکتے ہیں۔
اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ چین نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، جبکہ پاکستان نے بھی سفارتی سطح پر ہمیشہ چین کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 75 سالہ دوستی آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان میڈیا تعاون کو وسعت دے کر دونوں ممالک کی دوستی، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔