Monday, 19 October 2026, 03:55:37 am
 
مالدیپ کے صدر منگل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے
October 18, 2026

File Photo

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو منگل سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

ان کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔

دورے کے دوران ڈاکٹر محمد معیزو صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے، جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے۔

وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔

دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات تلاش کریں گے۔

وہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

اس دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم بھی ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کو فروغ دینا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

دورے میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

مالدیپ کے صدر کا گیارہ سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دونوں ملک انیس سو چھیاسٹھ میں قائم کئے گئے سفارتی تعلقات کے قیام کی ساٹھویں سالگرہ منا رہے ہیں۔