Tuesday, 20 October 2026, 09:14:28 am
 
وزیراعظم نے دانش اسکول کے اسلام آباد کیمپس کا افتتاح کردیا
October 18, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکول کے اسلام آباد کیمپس کا افتتاح کردیا ہے۔

وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں سے فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابی کی کہانیاں دل کو چھو لینے والی اور حوصلہ افزا ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مالی مشکلات ملک بھر میں لاکھوں ذہین لڑکوں اور لڑکیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جو غیر معمولی صلاحیتوں، جذبے اور پاکستان کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی قوموں میں شامل کرنے کی استعداد رکھتے ہیں۔

دو ہزار دس میں دانش اسکولوں کے نیٹ ورک کے قیام کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ہر کونے سے تعلق رکھنے والے محروم طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لئے شروع کیا گیا تھا جو معیاری اور ممتاز تعلیمی اداروں کے عین مطابق ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر باصلاحیت بچے کو اس کے سماجی و معاشی پس منظر سے قطع نظر معیاری تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔