وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تعمیری بحث کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات ٹیلی ویژن پر گفتگو کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انتظامی اصلاحات سے متعلق فیصلوں میں عوامی رائے کو ترجیح دینی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام خود فیصلہ کریں کہ وہ نئے صوبے چاہتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس معاملے پر عوامی رائے لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کی خواہشات جاننے کے لیے ریفرنڈم ایک آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے اور اس کے انعقاد میں کوئی حرج نہیں۔
وفاقی وزیر نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام کے معاملے کو متنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھیں۔