Wednesday, 18 November 2026, 12:20:19 am
 
پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائے گی: وزیراعلیٰ پنجاب
November 15, 2026

(File Photo)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کا اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ قرار دیا ہے، جو مصنوعی ذہانت پر مبنی موسمیاتی پیشگوئی کے نظام سے لیس ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ مرکز موسمیاتی پیش گوئی کے نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ہوا کے معیار، پانی، مٹی اور موسمی حالات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کے لیے مخصوص مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ آبزرویٹری ماحولیاتی اعداد و شمار کی سہولیات اور خصوصی لیبارٹریوں کے ذریعے نوجوان سائنسدانوں کو تحقیق اور سیکھنے کے بہتر مواقع بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید ترین مرکز میں پیشگی انتباہی نظام اور سیلاب کی پیش گوئی کی صلاحیت بھی موجود ہوگی، جو موسمیاتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کی تیاری، آفات کے بعد بحالی اور پانی کے تحفظ کے اقدامات میں معاون ثابت ہوگی۔