وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ نون کی خواتین ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں خواتین کو خود کفیل بنانے اور قومی دھارے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
علاقائی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور پوری حکومتی ٹیم خلوص نیت سے امن کوششوں میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ مہینوں میں شہریوں کو عالمی مہنگائی کی لہر سے ہر ممکن حد تک بچانے کیلئے تمام تر کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے برعکس ملک میں نہ تو کوئی بحران پیدا ہوا اور نہ ایندھن کے لیے لمبی قطاریں نظر آئیں۔
انہوں نے حالیہ مشکل وقت میں قومی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مکمل تعاون کرنے پر صوبائی حکومتوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں قومی مفادات بالخصوص پاکستانی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لیے آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات میں اضافہ کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔
اس موقع پر خواتین ارکان پارلیمنٹ نے بجٹ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو شامل کرنے پر وزیراعظم اور حکومتی اقتصادی ٹیم کی تعریف کی۔