وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے ریلیف، ترقی اور خوشحالی پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں مالی سال 27-2026کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ سوشل میڈیا کارکنوں کو آن لائن بریفنگ میں کہی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ گزشتہ بجٹس سے کافی مختلف ہے اور اپوزیشن ارکان بھی اسے سراہ رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کیلئے اپنی ذاتی کوششوں سے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے اور تمام معاملات طے کیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم نے معاشی استحکام کیلئے شب و روز محنت کی۔
وزیر اطلاعات نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم سمیت بالخصوص خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاشی استحکام کیلئے خدمات اور شاندار کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو ریلیف پر مبنی عوام دوست قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ برآمد کنندگان، صنعت، ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے، نوجوانوں، خواتین، تنخواہ دار طبقے اور ٹیکس دہندگان کو نمایاں ریلیف فراہم کرے گا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے اور معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل اور محصولات میں اضافے کے لیے نئے ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں۔