صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ چراگاہوں اور قدرتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور بحالی کے لیے مل کر کام کریں۔
زمین کے بنجرپن اور خشک سالی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع چراگاہی علاقے گلہ بانی پر مبنی معاش اور دیہی معیشت کی ترقی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہونے کی حیثیت سے پاکستان اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ناقابل کاشت اراضی کا پائیدار انتظام اور بحالی ماحولیاتی استحکام، معاشی خوشحالی اور سماجی بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرخیز اسکیم کے تحت کسانوں کو نرم اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی زرعی زمین کی پیداوار بڑھا سکیں۔