Wednesday, 17 June 2026, 12:32:26 pm
 
کھیل سفارت کاری کا موثر ذریعہ ہیں جو سرحدوں سے بالاتر ہوکر قوموں اورعوام کو قریب لاتے ہیں ،عاصم افتخار
June 17, 2026

امریکہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ کھیل سفارت کاری کا ایک موثر ذریعہ ہیں جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر مختلف قوموں اور عوام کو قریب لاتے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دیتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر دورہ کے دوران ان سے ملاقات میں کیا۔

شاہد آفریدی نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد کی دعوت پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور انہیں تنظیم کے کام، بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ میں اس کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی جارحانہ اور دلکش بیٹنگ، شاندار آل رانڈ کارکردگی اور طاقتور شاٹس کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں کرکٹ شائقین کو مسحور کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی سماجی بہبود کی کاوشوں نے بالخصوص محروم طبقات کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جن میں کثیرالجہتی نظام کے فروغ، مکالمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی فعال کاوشیں شامل ہیں۔

شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کی دعوت اور پرتپاک میزبانی پر سفیر عاصم افتخار احمد اور پاکستان مشن کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی اہم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشن اقوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ تنازعات کے پرامن حل کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔

اس دورے نے اس مشترکہ سوچ کی عکاسی کی کہ کھیل اور سفارت کاری عوام اور اقوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور ایک زیادہ پرامن اور تعاون پر مبنی عالمی ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔