بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ یہ علاقہ بھارت کے وحشیانہ فوجی قبضے کی زد میں ہے، جہاں ظالمانہ قوانین کے تحت لوگوں کے تمام حقوق سلب کیے گئے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور غیرقانونی گرفتاریوں نے کشمیریوں کے مصائب میں اضافہ کر دیا ہے اور علاقے کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
اُدھر بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک کشمیری کے دو پلاٹوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ظالمانہ قانون کے تحت ضبط کر لیا۔
دوسری طرف غیر جانبدار مبصرین اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے آر ایس ایس کا بڑے پیمانے پر احتساب کرنے کے بڑھتے ہوئے مطالبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک اور اثر و رسوخ کو عوامی جانچ کی ضرورت ہے۔
یہ مطالبات بھارتی ریاست کرناٹک کے رہنمائوں کی جانب سے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی فنڈنگ کے ذرائع اور اس کے عہدیداروں کی تفصیلات ظاہر کرنے کے مطالبے کے بعد سامنے آئے ہیں۔
مبصرین نے کہا کہ آر ایس ایس کی بھارت میں ہزاروں شاخیں ہیں اور ایک وسیع بین الاقوامی نیٹ ورک ہے۔
جسے کسی بھی احتساب کے بغیر اپنی کارروائیوں کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔