Sunday, 07 June 2026, 08:39:13 am
 
بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری
June 05, 2026

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی مسلط کردہ انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کشمیریوں کی املاک پر قبضہ کرکے انھیں تباہ کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکام نے ضلع پلوامہ کے علاقے چیئرسو میں دو دکانوں اور مویشیوں کے باڑے پر مشتمل ایک تعمیر شدہ عمارت کو مسمار کردیا۔

ضلع راجوری میں آج چودھویں روز بھی بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رہیں تاہم اس میں کوئی قابلِ ذکر کامیابی نہیں ملی۔

منجا کوٹ سیکٹر کے علاقوں گھمبیر مغلاں اور ڈوریمل میں بڑے پیمانے پر فوج، ہیلی کاپٹرز، ڈرونز، سراغ رساں کتوں، پیرا کمانڈوز اور ملٹی بیرل گرنیڈ لانچرز کی تعیناتی کے باوجود فورسز اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے علاقے میں نوجوانوں کی جاری گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات بڈگام میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آغا سید حسن الموسوی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بد اعتمادی اور سماجی اضطراب میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ادھر بھارتی پولیس نے حفاظتی خدشات اور سیاحت کیلئے مناسب بنیادی ڈھانچے کی کمی کی وجہ سے ضلع بارہمولہ کے اندرونی علاقوں میں سیاحوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی۔