Sunday, 07 June 2026, 08:39:41 am
 
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے معصوم کشمیری بچوں کو ریاستی دہشت گردی کا بدترین نشانہ بنایا
June 04, 2026

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے معصوم کشمیری بچوں کو ریاستی دہشت گردی کا بدترین نشانہ بنایا ہے جس سے جنوری انیس سو نواسی سے اب تک نوسو تینتیس بچے شہید اور ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد یتیم ہو چکے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق شہید کئے گئے بچے گزشتہ 38 برسوں کے دوران شہید ہونے والے چھیانوے ہزار چار سو ستانوے کشمیریوں میں شامل ہیں۔

ہزاروں بچے گولیوں اور آنسو گیس سے زخمی ہوچکے ہیں، جب کہ کئی اپنی بینائی کھو چکے ہیں اور سینکڑوں بچے سخت قوانین کے تحت جیلوں میں قید ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کشمیری بچوں پر منظم مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، یورپی یونین اور بچوں کے حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں بھارتی تشدد سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کریں۔