فائل فوٹو
بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج اور پولیس کی جانب سے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر گھروں پر چھاپوں اور تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ چھاپے سری نگر، کلگام، اسلام آباد، بانڈی پورہ، سوپور اور کپواڑہ سمیت کئی علاقوں میں مارے گئے۔
فورسز اہلکاروں نے گھروں سے دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے۔
منجکوٹ سیکٹر کے گمبھیر، مغلا اور ڈوریمل کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوج، ہیلی کاپٹر، ڈرون، سراغ رساں کتوں، پیرا کمانڈوز اور ملٹی بیرل گرینیڈ لانچرز کی تعیناتی کے باوجود بھارتی فورسز اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کو دہشت زدہ کرنے کا حربہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں بغیر کسی قانونی جواز کے چھاپے مارے جا رہے ہیں جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور مکینوں بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔