ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ایسے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانا ضروری ہے جو قیادت، باہمی احترام اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔
وہ اسلام آباد میں ڈپلومیٹک فٹ بال لیگ کے دسویں سیزن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور سیاسی کامیابیوں کیلئے اتحاد اور مضبوط قومی جذبہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈے کو مستردکردیں ، منفی اثرات سے دور رہیں اور تعمیری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ناراض بلوچ اور پشتون نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہو کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔