صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اٹک کے سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر محکمہ انسداد دہشت گردی کی پزیرائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔