شرپسند کالعدم ایکشن کمیٹی کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے، جو آزاد جموں و کشمیر میں عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث پائی گئی ہے۔
راولاکوٹ کے رہائشی اور پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکار نسیم کیانی نے الزام عائد کیا ہے کہ کالعدم کمیٹی کے شرپسندوں نے ان کے بیٹے دلاور کیانی کو اغوا کر لیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور لوٹ مار کی۔
نسیم کیانی کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر نہ صرف گھروں میں گھس کر لوٹ مار کر رہے ہیں بلکہ بچوں اور خواتین کو زبردستی اپنی تنظیم میں شامل کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔
متاثرہ خاندان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ دلاور کیانی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور اغوا میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ اغوا ہونے والے نوجوان کے موبائل سے حاصل کی گئی نجی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق عوامی حقوق کے نام پر تشدد اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کے عزائم اب کھل کر سامنے آ رہے ہیں، اور ایسے گروہ کسی بھی صورت عوامی حقوق کے نمائندہ نہیں ہو سکتے۔