Friday, 26 April 2024, 01:51:40 am
سعودی سفیر کا پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات استوار کرنے کیلئے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ
April 15, 2023

پاکستان میں سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی نے سعودی عرب اورپاکستان کے درمیان طویل مدت اورپائیدارسرمایہ کاری کے عزم کااعادہ کیاہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی محمدجوادسہراب ملک کو ملاقات کے دوران کرائی۔سعودی سفیرنے اس عزم کااعادہ کیاکہ سعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان آئندہ چندبرسوں کے دوران پاکستان میں توانائی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دس ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ملاقات کے دوران جواد سہراب نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ اداکیااورسٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں آئندہ سات روز کے اندر دوارب ڈالرزجمع کرانے کی تصدیق پرسعودی عرب کاشکریہ اداکیا۔دونوں ممالک نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات کومستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع کواجاگر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے امیدظاہر کی کہ پاکستان میں مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کے شعبے میں متعددمواقع موجود ہیں جن سے خلیجی ملکوں کے لئے برآمدات کے ذریعے نمایاں فائدہ اٹھایاجاسکتاہے۔انہوں نے آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی محنت کشوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سعودی عزم کوسراہا۔سعودی سفیرنے سعودی حکومت کی طرف سے رواں ا ورآئندہ سال کے دوران سعودی عرب میں مختلف شعبوں کیلئے پاکستان سے مزیدافرادی قوت بھرتی کرنے میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ سعودی ویژن دوہزارتیس کے تحت کئی متعددبڑے منصوبوں کے اجراء کے باعث سعودی عرب میں محنت کشوں کی ضرورت مسلسل بڑھ رہی ہے۔فریقین نے دوطرفہ کاروباری تعلقات کومزیدمستحکم کرنے، پاکستان سے مزیدافرادی قوت کی برآمداورمختلف اقتصادی شعبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مفیدبات چیت کی۔