Thursday, 11 June 2026, 06:47:23 am
 
ریڈیو پاکستان کے قیام کی 76ویں سالگرہ منائی گئی
August 14, 2023

.ریڈیو پاکستان کے قیام کی آج 76ویں سالگرہ منائی گئی

پاکستان اورریڈیو پاکستان ایک ہی دن معرض وجود میں آئے اور قیام پاکستان کا پہلا اعلان تیرہ اور چودہ اگست انیس سو سینتالیس کی درمیانی شب لاہور ریڈیوسٹیشن سے مصطفی علی ہمدانی نے کیا تھا۔

قیام پاکستان کے وقت قومی نشریاتی ادارے کا نام پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس تھا جس کو بعد میں ریڈیو پاکستان کا نام دیا گیا۔

قیام پاکستان کے وقت پشاور، لاہور اور ڈھاکہ کے تین ریڈیو سٹیشن تھے۔

ریڈیوپاکستان کو بیس دسمبر 1972ء کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے زیرانتظام ایک خودمختار ادارہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن میں تبدیل کیا گیا۔

اب پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے جو عام طور پر ریڈیو پاکستان کے نام سے مشہور ہے تمام صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کے اسٹیشنز موجود ہیں۔

میڈیم ویوز چینلز کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے نیٹ ورک میں ایف ایم ون او ون ، ایف ایم93 ، ایف ایم94 ، ایف ایم98 اور صوت القرآن کے ملک بھر میں چینل ہیں۔

ریڈیوپاکستان نے سامعین کے پرزور اصرار پر مختلف موضوعات پر کئی آن لائن چینلز بھی شروع کئے ہیں۔

ریڈیوپاکستان کی فیس بک، ٹوئیٹر، انسٹا گرام، یوٹیوب، پوڈکاسٹ اور ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجودگی کے علاوہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں پر مشتمل ویب سائیٹ بھی موجود ہے۔

ریڈیوپاکستان کے چینلز تک روایتی ریڈیو Sets کے علاوہ ریڈیو پاکستان کی ویب سائیٹ اور موبائل فون ایپس پر آن لائن رسائی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ ریڈیو پاکستان کے آفیشل فیس بک پیج پر مختلف نیوز بلیٹنز اور پروگرامز بھی براہ راست نشر کئے جاتے ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے آرکائیوز آواز خزانہ ایپ پر بھی دستیاب ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے اہم منصوبے ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال کا سنگ بنیاد حال ہی میں رکھا گیا ہے اور اسے چار ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

ڈی آر ایم ٹیکنالوجی سے ریڈیو پاکستان کی نشریات دنیا کے باون ممالک میں سنی جا سکیں گی۔