Sunday, 07 June 2026, 02:56:31 pm
 
آج پاکستان کی نامور گلوکارہ منور سلطانہ کی اکتیسویں برسی منائی جارہی ہے
June 07, 2026

آج پاکستان کی نامور گلوکارہ منور سلطانہ کی اکتیسویں برسی منائی جارہی ہے۔

منور سلطانہ 1925 میں لدھیانہ میں پیدا ہوئیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد ان کا خاندان لاہور منتقل ہو گیا۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم ریڈیو پاکستان کے موسیقار عبدالحق قریشی(شامی) سے حاصل کی۔

انہیں پاکستان کی پہلی فلم'' تیری یاد کے لیے'' پسِ پردہ گلوکاری کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

پاکستان کا ابتدائی قومی نغمہ'' چاند روشن چمکتا ستارہ رہے'' ان ہی کی آواز میں ریڈیو پاکستان لاہور سے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

قیامِ پاکستان کے بعد منور سلطانہ نے متعدد فلموں کے لیے گیت گائے۔ ان کی نمایاں فلموں میں پھیرے، محبوبہ، انوکھی داستان، بے قرار، دو آنسو، سرفروش، اکیلی، نویلی، محبوب، جلن، انتقام، بیداری، معصوم اور لختِ جگر شامل ہیں۔

1950 کی دہائی میں وہ پاکستانی فلمی صنعت کی نمایاں پسِ پردہ گلوکاروں میں شمار ہوتی تھیں۔

منور سلطانہ نے ریڈیو پاکستان لاہور کے اسٹیشن ڈائریکٹر ایوب رومانی سے شادی کی۔ شادی کے بعد انہوں نے گلوکاری ترک کر دی اور عملی طور پر موسیقی کی دنیا سے الگ ہو گئیں۔پاکستانی فلمی موسیقی اور ریڈیو کی ابتدائی تاریخ کا مطالعہ کرتے وقت منور سلطانہ کا نام ان گلوکاروں میں شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے قیامِ پاکستان کے بعد کے ابتدائی برسوں میں فلمی اور غیر فلمی موسیقی کی تشکیل میں بھرپور اور شاندار حصہ لیا ۔

منور سلطانہ 7 جون 1995 کو لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔