فائل فوٹو
کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کے حل اور خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کو ایک ایسے سیاسی تنازعے کے طور پر تسلیم کیا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت، پاکستان اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گرفتاریوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں سمیت انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔