بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور ایجنسیوں نے خوف، ڈرانے دھمکانے اور جبر کے ذریعے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے پورے علاقے میں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات نے سری نگر میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران بھارتی فورسز کو ہدایت کی کہ وہ آزادی کی حامی تنظیموں اور حریت کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں۔
بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے بونیار، کمال کوٹ، کریری، کنزر اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے، جہاں انہوں نے مکینوں کو ہراساں کیا اور موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لیے۔
بھارتی فوج نے سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے بہانے ضلع سانبہ کے نوناتھ کھڈ، گھگوال اور ملحقہ ریلوے ٹریک کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی کی۔
اُدھر شوپیاں اور راجوری اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔