فائل فوٹو
بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں دو ہزار سولہ میں مقبول نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی ماورائے عدالت شہادت سے لے کر اب تک بھارتی فوج چھیالیس خواتین سمیت دو ہزار ایک سو آٹھ کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی جانب سے برہان وانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران تین سو چونسٹھ افراد کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج، معاون فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے پرامن مظاہرین اور سوگواروں پر گولیوں، پیلٹ اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم تیس ہزار تین سو اٹھارہ افراد زخمی ہوئے۔
پیلٹ گنز کے استعمال سے کم از کم ساڑھے نو ہزارافراد زخمی ہوئے جن میں ایک سو پندرہ افراد بینائی سے محروم ہو گئے جبکہ نوجوانوں، بچوں، لڑکیوں اور خواتین سمیت اٹھارہ سو کشمیری جزوی طور پر بینائی سے محروم ہوئے۔