Monday, 13 July 2026, 02:26:20 am
 
کشمیری پیر کو یومِ شہدائے کشمیر منائیں گے
July 12, 2026

فائل فوٹو

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری تیرہ جولائی اُنیس سو اکتیس کے بائیس شہدا اور دیگر تمام کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل (پیر) یوم شہدائے کشمیر منائیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی جے پی حکومت اور اس کی فورسز کی دھمکیوں کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

ہڑتال کی اپیل کُل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے اور تمام حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لیے نقشبند صاحب سرینگر میں واقع شہدا قبرستان کی طرف مارچ کریں۔

اُنیس سو اکتیس میں اس روز ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے عبدالقدیر کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سری نگر سینٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے بائیس نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔ عبدالقدیر نے لوگوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف آواز اٹھانے کی تحریک دی تھی۔

ادھر، بھارتی فورسز نے شوپیاں اور راجوری اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھیں، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی پولیس نے دو کتابوں میں حریت رہنماؤں کے نام شامل کرنے پر تین پبلشرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے جموں اور دلی میں چھاپوں کے دوران اوبرائے بک سروس کے اندرپال اور ڈومیننٹ پبلشرز کے امردیپ سنگھ اور گریش اروڑہ کو گرفتار کیا۔

خواتین سمیت رہائشیوں نے سری نگر، سوپور اور پلوامہ کے علاقوں میں پینے کے پانی کے طویل بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جو گرمی کی جاری لہر کے دوران مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔