Friday, 13 November 2026, 09:14:15 pm
 
اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت
November 13, 2026

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی ہے، اور یمن کے امن و استحکام کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل کی جانب سے قرارداد 2140 (2014) کے تحت عائد پابندیوں کی تجدید اور 2140 کمیٹی کی معاونت کرنے والے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کی قرارداد کی منظوری کے بعد کہی۔

خطے کی سنگین سکیورٹی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

سید حیدر شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کا جائز حق حاصل ہے۔ انہوں نے حوثی حملوں کی فوری اور غیر مشروط بندش کا مطالبہ کیا۔

سفیر نے یمن میں امن، استحکام اور سلامتی کی بحالی اور وہاں کے عوام کی سنگین انسانی مشکلات کے ازالے کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔