Friday, 13 November 2026, 09:02:07 pm
 
وزیراعظم کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی دعوت
November 13, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے اور ملک میں پروسیسنگ اور پیداواری صنعتیں قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم دو ہزار چھبیس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے معدنی وسائل کی قدر میں اضافے کے لیے ریفائنریز، دھاتوں کی صفائی، کیبل اور کنڈکٹر فیکٹریاں اور دیگر صنعتیں قائم کرنا چاہتا ہے۔

ریکوڈک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ دنیا میں تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے جس کو ترقی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے دو ہزار اٹھائیس میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان پر مسلسل اعتماد کے اظہار پر بیرک مائننگ کارپوریشن کو سراہا اور GOLDMAN SACHS کے اس جائزے کا حوالہ دیا کہ پاکستان دو ہزار پچھتر تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے۔

تاہم انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک دو ہزار پچاس سے پہلے یہ سنگ میل حاصل کر سکتا ہے۔

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ ہر سرمایہ کار یکساں مواقع، شفاف قواعد، فوری فیصلوں، پالیسیوں میں تسلسل اور مضبوط اداروں کی توقع رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں کو تمام ضروری تعاون اور سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گی۔

انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ہنرمند افراد کی تربیت کے مراکز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے قائم کریں، ٹیکنالوجی کی منتقلی یقینی بنائیں اور مقامی سپلائرزکی حوصلہ افزائی کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستانی نوجوان ماہر پیشہ ور افراد، جدت پسند اور کاروباری افراد بن سکیں گے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پریقین ظاہر کیا کہ پاکستان اور اس کے بین الاقوامی شراکت دار مل کر ملکی معدنی وسائل کو باہمی مفاد پر مبنی معاشی تعاون، صنعتی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کریں گے۔