Friday, 13 November 2026, 09:02:07 pm
 
پاکستان اپنے معدنی وسائل میں عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم: وزیراعظم
November 13, 2026

وزیراعظم شہبازشریف نے یقین ظاہرکیا ہے کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی کے فروغ اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وہ آج اسلام آباد میں بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی وسائل کو بروئے کار لانے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں معدنی شعبے کی ترقی کے لیے موزوں پالیسی، ریگولیٹری اور بنیادی ڈھانچے کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے وزیرِ اعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قراردیا۔

وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کیلئے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔