Wednesday, 24 April 2024, 08:30:34 pm
گورنر خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی شرپسندوں کی جانب سے ریڈیو پاکستان پشاور پرحملے کی شدید مذمت
May 13, 2023

فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے ریڈیو پاکستان پشاور میں مظاہرین کی توڑ پھوڑ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

آج (ہفتہ)سہ پہر براڈکاسٹنگ ہائوس پشاور کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک قومی اثاثہ ہے اور جنہوں نے اس اثاثے کو نقصان پہنچایا ہرگز پاکستانی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی تاریخی عمارت کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔اس موقع پر گورنر نے ریڈیو سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جنہیں شرپسندوں نے نقصان پہنچایا تھا۔دریں اثناوزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ وفاقی حکومت ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔آج سہ پہر براڈ کاسٹنگ ہائوس پشاور میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس تاریخی عمارت پر پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے امکان کی بھی تردید کی۔اس سے پہلے امیر مقام نے براڈ کاسٹنگ ہائوس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیااور وہاں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا۔