وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنے دفاع میں جواب دیا ہے۔
بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جس نے گزشتہ چار روز سے بھارتی بلااشتعال حملوں پر انتہائی صبروتحمل کا مظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صرف اپنا دفاعی حق استعمال کرتے ہوئے یہ اقدام کیا اور صرف بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود سکھوں کے مقدس شہر امرتسر کو نشانہ بنایا اور یہ تاثر دیا کہ اس شہر پر حملہ پاکستان نے کیا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور منصفانہ تحقیقات کیلئے تعاون کی پیشکش کی تھی۔
کشیدگی میں کمی لانے سے متعلق ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ جارحیت کا آغاز بھارت نے کیا تھا اور اب یہ بھارت پر ہے کہ وہ پیچھے ہٹے اور کشیدگی میں کمی لائے۔