Friday, 13 November 2026, 05:36:57 am
 
صدر،وزیراعظم کا کوہاٹ میں دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار
November 12, 2026

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی خیبر پختونخوا پولیس کے دس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔