Monday, 24 August 2026, 01:15:15 am
 
پاکستان اور بیلاروس کا صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
August 12, 2026

پاکستان اور بیلاروس نے ٹیکنالوجی کی منتقلی، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنا کر صنعتی تعاون کو فروغ دینے کا اعادہ کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کے بارے میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے دو روزہ نویں اجلاس کے دوران ہوا۔

دونوں ممالک نے خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ جائزہ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور بیلاروس نے سمندری خوراک، پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور ڈیری مصنوعات کے شعبوں میں کاروباری اداروں کے درمیان آن لائن ملاقاتوں میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور مشترکہ مفادات پر مبنی بیلاروس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے۔

اس موقع پر بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے بیلاروس کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے نئی تجاویز کا بھی خیرمقدم کیا۔