Monday, 13 July 2026, 02:29:33 am
 
خواتین کے بارے میں دو روزہ نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس اسلام آباد میں شروع
July 12, 2026

خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی پر غور کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کی دو روزہ نویں وزارتی کانفرنس آج اسلام آباد میں شروع ہوئی۔

 کانفرنس کے پہلے روز تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے جبکہ او آئی سی رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کے درمیان اہم دوطرفہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

تکنیکی اجلاسوں کے دوران کانفرنس کے ایجنڈے کی منظوری دی گئی اور او آئی سی پلان آف ایکشن برائے خواتین (OPAAW) پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسلامی دنیا میں خواتین کو درپیش چیلنجز، ان کی سماجی، معاشی اور سیاسی خودمختاری، تعلیم، صحت، معاشی مواقع، مالی شمولیت، فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں میں خواتین کی نمائندگی سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ آٹھویں وزارتی کانفرنس کی چیئر کی جانب سے گزشتہ کانفرنس کے بعد خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے او آئی سی کے تحت کیے گئے اقدامات اور حاصل ہونے والی پیش رفت پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی، جبکہ خواتین کی ترقی سے متعلق مختلف اداروں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔

کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایران، ترکیہ، مملکت سعودی عرب، مصر، بوسنیا و ہرزیگووینا، شام، صومالیہ اور یمن کے وزراء و اعلیٰ حکام کے علاوہ ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (WDO) اور او آئی سی لیبر سینٹر کے نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خواتین کے حقوق، خاندانی نظام کے استحکام، سماجی تحفظ، خواتین کی معاشی و سیاسی خودمختاری، ادارہ جاتی تعاون، تجربات کے تبادلے اور او آئی سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترکیہ کے ساتھ خاندان، سماجی خدمات اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط بھی کیے گئے۔ مختلف ممالک کے وفود نے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی آئندہ دو سالہ چیئرمین شپ سنبھالنے پر پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی فلاح، سماجی تحفظ اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

او آئی سی خواتین کی نوویں وزارتی کانفرنس کا وزارتی اجلاس کل وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس کے دوران کانفرنس کی چیئرمین شپ باضابطہ طور پر مصر سے پاکستان کو منتقل کی جائے گی۔ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ اور خواتین کی ترقی و بااختیار بنانے سے متعلق متعدد اہم قراردادوں کی منظوری متوقع ہے۔