Monday, 13 July 2026, 02:27:49 am
 
حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی: ترجمان
July 12, 2026

آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کی حکومت نے ہمیشہ مذاکرات، مفاہمت اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے۔

یہ بات آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان گفتار حسین اور ترجمان آزاد کشمیر پولیس عرفان مسعود کشفی نے آج مظفرآباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی بنانا اور معصوم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 4 اکتوبر2025 کے معاہدے کے تحت کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات وسیع تر عوامی مفاد میں تسلیم کیے گئے۔ تاہم بعد ازاںکالعدم عوامی ایکشن کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوگئی۔ ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو قانون کے مطابق کالعدم قرار دیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ 36 روز سے جاری دھرنے کے باعث پونچھ ڈویژن میں خوراک، ادویات اور ضروری اشیا کی ترسیل شدید متاثر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے عام شہریوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل کی گئی۔ کئی علاقوں میں غذائی قلت اور اشیائے ضروریہ کی کمی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے بند راستے کھولے جائیں۔ بند شاہراہیں کھلوانے کی ہر کوشش کے دوران کالعدم کمیٹی کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش لے جانے والے ٹرکوں پر حملے، لوٹ مار اور ڈیزل نکالنے کے واقعات کسی پرامن احتجاج کی عکاسی نہیں کرتے۔ خواتین اور بچوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

خواتین اور بچوں کے ہاتھوں میں قرآنِ مجید اور سفید جھنڈے دے کر آگے لانے کی منصوبہ بندی قابلِ مذمت ہے۔ قرآنِ مجید کو کسی بھی تصادم یا محاذ آرائی میں استعمال کرنا مذہبی تقدس اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اشتعال انگیزی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرغنوں نے آنے والے دنوں میں ممکنہ احتجاج میں طلبہ و طالبات کو اسکول اور کالج کے یونیفارم میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے اور بدھ کو لانگ مارچ میں طلبہ کو یونیفارم میں مظفرآباد کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے فرنٹ لائن پر کھڑا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں تمام ترذمہ داری کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پرعائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی یا تاخیر کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے لیے تمام انتظامی اور سکیورٹی تیاریاں مکمل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ عوام جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ اشتعال انگیز پروپیگنڈے، افواہوں اور تفرقہ انگیز بیانیے کو مسترد کریں۔ حکومت اور ریاستی ادارے ہر قیمت پر امن، قانون کی حکمرانی اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔