File Photo
اسلامی تعاون تنظیم کے تحت خواتین سے متعلق دو روزہ نویں وزارتی کانفرنس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے۔
کانفرنس کا موضوع ہے ''او آئی سی کے رکن ممالک میں خواتین کو سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی راہ میں درپیش چیلنجز اور آئندہ کا لائحہ عمل''۔
کانفرنس میں خواتین اور خاندانی امور کے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، او آئی سی کے اداروں کے نمائندے، بین الاقوامی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے مندوبین شرکت کریں گے۔ شرکاء او آئی سی کے رکن ممالک میں خواتین کو سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کریں گے۔
کانفرنس کے میزبان کی حیثیت سے پاکستان اجلاس کی کارروائی کی صدارت کرے گا اور او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور اسلامی ملکوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔