Friday, 12 June 2026, 11:45:39 pm
 
پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں عرب سرزمینوں پرغیرقانونی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ
June 12, 2026

پاکستان نے عرب سرزمینوں پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے، جنگ بندی کے معاہدوں کے احترام اور مشرق وسطیٰ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے نیویارک میں مشرق وسطیٰ میں سیاسی حل کو آگے بڑھانے کی طرف ایک کھلے مباحثے کے دوران کہی۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سا لمیت، سیاسی آزادی اور سلامتی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے ان مشکل اور نازک حالات میں خلیج تعاون کونسل کے برادر رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کی مسلسل، غیر متزلزل حمایت اور مکمل یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان غزہ امن منصوبے کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں سرگرم عمل ہے اور امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مکالمے کے فروغ کیلئے ثالثی اور سہولت کاری کی کوششوں میں بھی معاونت کر رہا ہے۔