Friday, 12 June 2026, 02:00:02 pm
 
مسقط پلان آف ایکشن مکالمے کے فروغ کیلئے مؤثر لائحہ عمل ہے،عاصم افتخار
June 12, 2026

پاکستان نے مسقط پلان آف ایکشن کو نفرت انگیز تقاریر کے ناسور کے خاتمے، نسل کشی اور دیگر سنگین جرائم پر اکسانے کی روک تھام، نیز امن کے قیام، مصالحتی عمل، مکالمے اور مقامی سطح پر امن سازی کے فروغ کیلئے ایک مؤثر لائحہ عمل قرار دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔

سفیر نے کہا کہ یہ منصوبہ نفرت انگیز تقاریر کے تدارک اور مصالحت و مقامی امن سازی کے ذریعے امن کے فروغ میں روایتی اور مقامی آبادیوں کے رہنماؤں کی ثقافتی ساکھ، اخلاقی حیثیت اورعوامی اعتماد کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نفرت انگیز تقاریر کے مسخ شدہ اور گمراہ کن نظریات کے خاتمے اور اپنے معاشروں کو امن، مساوات اور سکون کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے سلطنت عمان، اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے خصوصی مشیر برائے انسدادِ نسل کشی اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔