وزیراعظم شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ معیشت کو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے اسلام آباد میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کی منظوری کے لیے بلائے گئے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود معیشت مستحکم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کا تیسرا بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے گزشتہ دو بجٹ میں ٹیکس لگائے گئے تھے۔
شہباز شریف نے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کے ساتھ اپنی بات چیت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی کارکردگی کی معترف ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ دیگر اتحادیوں نے بجٹ تجاویز کی غیر مشروط حمایت کی۔