File Photo
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تذویراتی توازن کے فروغ کے ساتھ ساتھ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ عزم انہوں نے پاک بحریہ کے بیڑے میں ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔
انہوں نے اسے پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے چین کی حکومت اور عوام کے گراں قدرتعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہنگور پروگرام پاکستان اورچین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تذویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ اور سمندری حدود کے دفاع میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرتی رہے گی۔
شہبازشریف نے پاک بحریہ، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا، جن کی کاوشوں سے پی این ایس/ایم ہنگور کی پاکستان آمد ممکن ہوئی۔