انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خود مختار تکنیکی صلاحیتوں اور سائبر دفاع کو دنیا میں بہترین بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال بھارت کے خلاف نہ صرف روایتی جنگ جیتی بلکہ معرکہ حق کے دوران اپنی سائبر صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ دے رہی ہے۔
اس حوالے سے ایک جامع ڈیٹا گورننس پالیسی تیار کی گئی ہے، جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد سخت انتظامی اصولوں کے تحت اداروں کے درمیان ڈیٹا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ تبادلے اور باہمی مطابقت کو یقینی بنانا ہے۔ جدت کے فروغ کیلئے عوام اور نوجوانوں کو مناسب طور پر شفاف اعداد و شمار تک رسائی فراہم کرنا بھی پالیسی کا حصہ ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ حکومت، پاکستان کو ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کرنے کیلئے تمام ضروری سہولتوں اور نظام کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مہارت میں اضافہ کرنا اور جدت اور رابطوں کے فروغ پر توجہ دینا ہے۔