Wednesday, 11 November 2026, 03:06:12 am
 
چشمہ فائیو منصوبہ صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی عملی مثال ہے، وزیراعظم
November 10, 2026

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ میں چشمہ فائیو کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں میانوالی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی لگن کو سراہا جنہوں نے مقررہ وقت سے پہلے تعمیر کا یہ اہم مرحلہ مکمل کرنے کیلئے انتھک محنت کی۔

صاف توانائی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی عملی مثال ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خود کفیل اور ماحول دوست پاکستان کی تعمیر کیلئے ملک کے وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

چشمہ فائیو جوہری بجلی گھر کی پیداواری صلاحیت بارہ سو میگاواٹ ہوگی اور اس سے ستمبر دو ہزار تیس میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔