Wednesday, 11 November 2026, 06:28:11 pm
 
نائب وزیراعظم کا بین الاقوامی محنت کشوں کے معیارات پرعملدرآمد کی اہمیت پر زور
November 11, 2026

نائب وزیراعظم محمد اسحق ڈار نے پاکستان کے عالمی اقتصادی روابط مضبوط بنانے، ملکی برآمدات کی مسابقتی صلاحیت میں اضافے اور بین الاقوامی تجارتی حیثیت بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں محنت کشوں سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کے بارے میں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں محنت کشوں کی عالمی تنظیم سمیت محنت کشوں سے متعلق قوانین کے حوالے سے عالمی کنونشنز اور وعدوں پر عملدرآمد کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے ملکی طریقہ کار کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ریگولیٹری لائحہ عمل اور قوانین پر عملدرآمد کے نظام کا جائزہ لیا۔

نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھنے اور تمام قومی وعدے اور ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے طے شدہ نظام الاوقات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی۔